رپورٹ: راشد علی
تفصیلات کے مطابق احمدآباد ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جوکہ ان کے حق میں غلط ثابت ہوا۔
پہلی اننگ میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم صرف 162 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے بھارتی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی۔ اوپنر ٹیگنرائن چندرپال بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ دیگر بلے باز بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔ جسٹن گریوز نے سب سے زیادہ 32 رنز بنائے۔ کپتان راسٹن چیز 24، شائے ہوپ 26، اور برینڈن کنگ 13 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کوئی بھی شراکت بھارتی بولنگ اٹیک کے سامنے لمبی نہ چل سکی اور پوری ٹیم صرف 44.1 اوورز میں ڈھیر ہوگئی۔بھارتی بولرز نے شاندار تال میل کے ساتھ ویسٹ انڈیز کو قابو میں رکھا۔ بھارت کی طرف سے محمد سراج سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے صرف 40 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو شکار بنایا۔جسپریت بمراہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں،کلدیپ یادیو نے 2 اور واشنگٹن سندر نے 1 وکٹ لی۔
جواب میں بھارت نے بیٹنگ شروع کی تو اوپنر یشسوی جیسوال نے تیز آغاز دیا مگر 36 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ دوسرے اوپنر سائی سدرشن بھی صرف 7 رنز بنا سکے۔اس کے بعد کریز پر کے ایل راہل ڈٹے رہے اور اپنی اننگز کو احتیاط سے آگے بڑھاتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی۔ وہ اب تک ناقابل شکست 53 رنز بنا چکے ہیں۔ ان کا ساتھ کپتان شبھمن گل دے رہے ہیں جو 18 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ بھارت نے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا کر میزبانوں کو بہتر پوزیشن میں لاکھڑا کیا۔ بھارت اب بھی پہلی اننگز میں 41 رنز پیچھے ہے، مگر وکٹ پر موجود بیٹسمینوں نے دوسرے دن کے لیے امیدیں روشن رکھ دی ہیں۔پہلے دن کا جھکاؤ واضح طور پر بھارت کی طرف ہے۔ اگر کے ایل راہل اور شبھمن گل بڑی پارٹنرشپ قائم کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو بھارت ایک بڑی سبقت لینے کی پوزیشن میں آجائے گا۔ ویسٹ انڈیز کے بولرز کو دوسرے دن جلد وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی، ورنہ میچ ان کے ہاتھ سے نکل سکتا ہے۔