اہم خبریں

دکھانے کے لئے مزید پوسٹس نہیں

پی ایس ایل 11 کا تیسرا مرحلہ آج سے لاہور میں شروع، پلے آف کی دوڑ دلچسپ مرحلے میں داخل

✍️ رپورٹ: راشد علی | جستجو نیوز

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 11) میں ایک روزہ وقفے کے بعد ٹورنامنٹ کا تیسرا مرحلہ آج سے لاہور میں دوبارہ شروع ہوگا، جہاں پلے آف مرحلے کی تین نشستوں کے لیے چھ ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں لاہور پہنچ چکی ہیں جبکہ فائنل فور میں جگہ بنانے کے لیے ٹیموں کو اپنے باقی میچز میں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔ ملتان سلطانز کو اپنے باقی تین میں سے کم از کم ایک میچ جیتنا ہوگا، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے دو فتوحات لازمی قرار پائی ہیں۔

حیدرآباد کنگزمین، لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کو پلے آف تک رسائی کے لیے اپنے تمام میچز جیتنا ہوں گے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو نہ صرف کامیابیاں سمیٹنا ہوں گی بلکہ دیگر ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔

پشاور زلمی پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے، جبکہ راولپنڈیز ایونٹ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

اگر پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو 29 میچز کے بعد پشاور زلمی 15 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جس نے 8 میں سے 7 میچز جیتے جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ ملتان سلطانز 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے، جبکہ حیدرآباد کنگزمین، لاہور قلندرز اور کراچی کنگز بھی 6، 6 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پانچویں، چھٹے اور ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔ راولپنڈیز کی ٹیم تاحال کوئی کامیابی حاصل نہ کر سکی اور آخری پوزیشن پر ہے۔

بیٹنگ کے شعبے میں پشاور زلمی کے کوشل مینڈس 413 اور بابر اعظم 401 رنز کے ساتھ نمایاں ہیں، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حسن نواز 288 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

بولنگ میں پشاور زلمی کے سفیان مقیم 17 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی 13 اور حسن علی 11 وکٹوں کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

گزشتہ روز کھیلے گئے میچز میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بھاری مارجن سے شکست دی، جبکہ کراچی کنگز کو ملتان سلطانز کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp
Pinterest

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *