رپورٹ: راشد علی
جستجو اسپورٹس نیوز
راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ اس میچ میں قیادت ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا نے سنبھالی، جبکہ ون ڈے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا گیا تھا۔
سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز اسکور کیے۔ ان کے نمایاں بیٹسمین لیانگے 54 اور کمنڈو مینڈس 44 رنز کے ساتھ رہے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور حارث راؤف نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے اوپنرز فخر زمان اور صائم ایوب نے جارحانہ آغاز فراہم کیا اور سات اوورز میں ہی اسکور 75 رنز تک پہنچا دیا۔ صائم ایوب 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد اسٹیڈیم میں شور مچ گیا اور پاکستان کے لیجنڈ بیٹر بابر اعظم بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے۔
فخر زمان اور بابر نے مل کر 100 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ فخر زمان 78 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مگر بابر اعظم نے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے ہمراہ شاندار طریقے سے اننگ آگے بڑھائی اور ہدف 10 گیندیں پہلے ہی حاصل کرلیا۔
اس دوران بابر اعظم نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 20ویں سنچری اسکور کی، جو انہوں نے 83 اننگز میں مکمل کی۔ ان کی یہ سنچری ایشیا کپ 2024 میں نیپال کے خلاف سنچری کے بعد پہلی بڑی اننگ تھی۔ بابر کا یہ کارنامہ انہیں سابق اوپنر سعید انور کے زیادہ سنچریوں کے ریکارڈ کے برابر لے آیا۔
بہترین کارکردگی پر بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 16 نومبر، بروز اتوار راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔