*حیدرآباد کنگز مین کا ایونٹ میں شاندار کم بیک*
رپورٹ: راشد علی
جستجو نیوز
پی ایس ایل 11 کے 25 میچز مکمل ہونے کے بعد ٹورنامنٹ ایک نہایت دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
اس سیزن میں نئی شامل ہونے والی ٹیم حیدرآباد کنگز مین کا آغاز کچھ خاص نہیں تھا۔ ابتدائی چار میچز میں ٹیم کو یکطرفہ شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔ محمد علی، جو اس سے قبل ملتان کی نمائندگی کرتے ہوئے “مین آف دی ٹورنامنٹ” کا اعزاز حاصل کر چکے تھے، ایونٹ کے آغاز میں غیر مؤثر دکھائی دیے، جو ٹیم کی ناکامی کی ایک بڑی وجہ بنے۔
تاہم، چار میچز کے بعد جیسے ہی گلین میکسویل نے ٹیم کو جوائن کیا، حیدرآباد کنگز مین کی قسمت بدل گئی۔ ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے لگاتار تین فتوحات حاصل کیں اور ٹورنامنٹ میں اپنی موجودگی کا بھرپور احساس دلایا۔
آج کھیلے گئے ایونٹ کے 24ویں میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے راولپنڈی کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ محمد علی ایک بار پھر فارم میں واپس آ چکے ہیں اور ان کی باؤلنگ ٹیم کے لیے انتہائی مؤثر ثابت ہو رہی ہے، جبکہ حنین شاہ بھی فتح میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
بیٹنگ کے شعبے میں کپتان مارنس لبوشین بتدریج اپنی ردھم میں آ رہے ہیں، جبکہ فنشر کے طور پر عرفان خان نیازی اور احسان خان ٹیم کو مضبوط اختتام فراہم کر رہے ہیں۔
مجموعی طور پر دیکھا جائے تو اب ٹیم کا کمبینیشن مکمل ہو چکا ہے، اور حیدرآباد کنگز مین ایک ایسی مضبوط ٹیم بن کر ابھری ہے جو کسی بھی حریف کے لیے آسان نہیں ہوگی۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو زیادہ تر ٹیمیں چھ، چھ میچز کھیل چکی ہیں۔ حیدرآباد کنگز مین شاندار کم بیک کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ چکی ہے۔
بابر اعظم کی قیادت میں پشاور زلمی اب تک ناقابلِ شکست رہتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ دوسری جانب راولپنڈی کی ٹیم اس ایونٹ کی سب سے بدقسمت ٹیم ثابت ہوئی ہے، جو مسلسل چھ شکستوں کے بعد تقریباً ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہے اور آخری نمبر پر موجود ہے۔
لاہور قلندرز نے ابتدائی دو میچز جیتنے کے بعد مسلسل تین شکستیں کھائیں، جس کے باعث وہ ساتویں نمبر پر آ چکی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے آج کراچی کنگز کو شکست دے کر دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
ملتان سلطانز چھ میچز میں سے چار فتوحات کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دو فتوحات کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ کراچی کنگز کی کارکردگی ملی جلی رہی ہے، جہاں چھ میں سے تین میچز جیت کر وہ پانچویں پوزیشن پر ہے۔
میرے تجزیے کے مطابق پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی پلے آف تک رسائی تقریباً یقینی نظر آتی ہے، جبکہ چوتھی پوزیشن کے لیے باقی ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
زندگی باقی۔ ملاقات باقی۔